نئی دہلی،یکم اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) ملکارجن کھرگے نے کانگریس صدر کے عہدے کے لیے نامزدگی داخل کرنے کے بعد راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
استعفیٰ دینے کے بعد کھرگے نے کہا کہ انہوں نے یہ قدم کانگریس کے ’ایک لیڈر ایک پوسٹ‘ کے اصول کے تحت اٹھایا ہے۔ کھڑگے نے اپنا استعفیٰ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو بھیج دیا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ ادے پور میں منعقد کانگریس کے چنتن شیویر میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ کوئی بھی شخص پارٹی میں دو عہدوں پر نہیں رہے گا۔ یعنی کسی بھی لیڈر کو دوسرے عہدے سے پہلے اپنے موجودہ عہدے سے استعفیٰ دینا ہوگا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے پارٹی کے اگلے قومی صدر ہو سکتے ہیں۔
کھرگے نے 30 ستمبر کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا، جس کے بعد اب صدر کے عہدے کے لیے انتخاب 17 اکتوبر کو ہوگا اور نتائج 19 اکتوبر کو سامنے آئیں گے۔ کھڑگے کا مقابلہ کانگریس لیڈر ششی تھرور سے ہے۔
حالانکہ ان کے پیچھے گاندھی خاندان کا ہاتھ بتایا جا رہا ہے، اس لیے ان کے جیتنے کا امکان سب سے زیادہ ہے۔ جب انہوں نے نامزدگی کی تو ان کے ساتھ 30 تجویز کنندہ موجود تھے۔